اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا پاکستان کی دستورساز اسمبلی کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیغام
Saturday, 10th August, 2024
اسلام آباد، 10 اگست 2024: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان کی بالادستی، آئین و قانون کی حکمرانی اور جہموریت کی مضبوطی میں ملک کی ترقی و خوشحالی کا راز مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں پارلیمان کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مزید یہ کہا کے 10 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا اور دستور ساز اسمبلی کا قیام بانیان پاکستان کی عوامی اور جمہوری سوچ کا مظہر ہے- پارلیمان 25 کروڑ عوام کا نمائندہ ادارہ اور عوام کی فلاح وبہبود اس ادارے کی اولین ترجیح ہے-انہوں نے کہا کہ پارلیمان مضبوط ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی ۔انہوں نے مذید کہا کہ عوام اور پارلیمان کہ مابین تعلق کو مضبوط بنانے کے لیے پارلیمان تک عوامی رسائی کو ممکن بنایا اس وقت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد قومی اسمبلی میں انٹرنشپ کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے قومی اسمبلی سے متعلق معلومات کی عوام تک رسائی کو یقینی بنایا -قومی اسمبلی کے عملے کی استعداد کار بڑھانے اور کفایت شاری کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرا رہے ہیں۔
اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی نظام کا تسلسل اور جمہوریت کی مضبوطی ملکی بقاء اور سلامتی کیلئے ضروری ہے۔پارلیمان کی بالادستی آئین اور قانون کی حکمرانی کے بغیر ملکی تعمیر وترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے پارلیمان نے موثر قانون سازی کے ذریعے اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موثر قانون سازی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔
اسپیکر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ پارلیمان کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کے مسائل کو حل کرنے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ پارلیمان کی مضبوطی اور ملک میں جمہوریت کا تسلسل ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان 23 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے اور پالیمان کے ذریعے موثر قانون سازی کرکے ہم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔