اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی نیشنل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد۔
Saturday, 9th March, 2024
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات میں نیشنل پریس کلب کے نو منتخب صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، سیکرٹری فنانس وقار عباسی اور دیگر نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کا انتخاب صحافی برادری کا ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
اسپیکراور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اظہارِ رائے کی آزادی کے لیے صحافی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور صحافی برادری نے اس ضمن میں بے شمار قُربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران اپنی تمام ترصلاحیتوں کو صحافی برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے، ملک میں اظہارِ رائے کی آزادی کے لیے صرف کریں گے اور صحافی برادری کی امیدوں پر پورا اُتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمان آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور صحافی برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے نیشنل پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی کامیابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔