Accessibility

Accessibility

Website Zoom

Color/Contrast

Download Reader

The National Assembly Session has been prorogued on Wednesday, the 24th June, 2026. | Committee Meetings: 11:00 AM: 41st meeting of the SC on National Health Services, Regulation and Coordination at Committee Room No.7 (4th Floor), Parliament House, Islamabad
Print Print

خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

Saturday, 5th August, 2023

 قومی اسمبلی سیکرٹریٹ

 
ڈائریکٹریٹ جنرل آف میڈیا
 
پریس ریلیز
 
خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی
 
بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کی تحریک حق  خود ارادیت کو کچل نہیں سکتا، راجہ پرویز اشرف
 
اسلام آباد، 4اگست 2023: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کےقیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی  کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قیام امن کے لیے ضروری ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اس کی اصل حیثیت میں بحال کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔
 
 اسپیکر نے کہا کہ  مودی سرکار کی فاشسٹ حکومت  نے بھارت کے آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے کشمیری  عوام کی تحریک آزادی پر شب خون مارا ہے اور انہیں شناخت کے بنیادی حق سے محروم کر دیا ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا  آرٹیکل کی منسوخی بھارت حکومت کی نفرت انگیز  پالیسیوں کی عکاسی ہے۔
 
اسپیکر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور پاکستانی قوم کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے  تمام بین الاقوامی اور علاقائی فورموں پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی  رہی ہے اور تمام پارلیمانی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم اور میڈیا پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
 
سپیکر  نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ طاقت کا استعمال بند کرے۔ انہوں نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر بھارت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنائے جانے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سختی سے مذمت کرتے ہوے کہا کہ بھارت اپنے فاشسٹ اقدامات سے کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کو نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی وہ یاسین ملک سمیت تمام کشمیری قیدیوں کو بھارت سے چھڑوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
سپیکر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جلد  آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور وہاں کے لوگ پرامن ماحول میں زندگی گزار سکیں گے۔
 
اس موقع پر ڈپٹی  اسپیکر زاہد اکرم درانی  نے کہا کہ  کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے حق خود ارادیت کے حصول  کے لئے جدو جہد کر رہی ہے اور بھارتی ظلم و بربریت کا مقابلہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے  شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی مکمل آزادی تک پاکستان اپنی سفارتی جدو جہد جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اپنی اصل صورت میں بحال کیا جائے اور بھارت کی طرف سے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا فوری حل تلاش کیا جائے تاکہ آنے والی نسلیں آزاد فضا میں زندگی بسر کر سکیں۔