پاکستان میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی اور بلاول بھٹو وزیراعظم ہونگے، راجہ پرویز اشرف
Sunday, 4th June, 2023
اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا سینٹرل پنجاب کا دورہ۔
پاکستان میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی اور بلاول بھٹو وزیراعظم ہونگے، راجہ پرویز اشرف
خوشاب، 3 جون، 2023؛اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ہفتہ کے روز سینٹرل پنجاب کے دورے پر خوشاب میں آئین کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خوشاب میں بہادر اور غیور عوام کی بھرپور شرکت پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو نے اس ملک کو ایک متفقہ آئین دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کی بقاء کی جنگ لڑی ہے۔ہر دور میں پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی بات کی جاتی رہی ہے مگر عوام کا پیپلز پارٹی، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ جو رشتہ ہے وہ کبھی بھی ختم نہیں ہو سکتا۔پاکستان پیپلز پارٹی عوام سے کیے گئے وعدے کو پورا کرتی ہے۔ 9 مئی کو ہونے والے افسوسناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ اس دن جب کورکمانڈ کے گھر پر حملہ کیا گیا تو ہندوستان میں خوشیاں منائی گئیں۔ جن لوگوں نے اس ملک کے دفاعی اداروں کو نشانہ بنایا ان کو نشان عبرت بنانا ہوگا۔پاکستان کی فوج ہماری ہے فوج ہے اور یہ خطہ شہیدوں اور غازیوں کا خطہ ہے۔ کرنل شیر خان شہید کی بہادری کی بھارتی افواج کے سربراہ نے بھی تعریف کی ہے۔ہمارے شہیدوں نے دشمن کے خلاف جو کامیابی حاصل کی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے خوشاب کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ خوشاب میں یونیورسٹی بنے گی اور گیس کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔الیکشن اکتوبر 2023میں ہونگے۔پاکستان پیپلز پارٹی آئیند الیکشن جیتے گی اور حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک اظہر اعوان اور ملک ساول علی اعوان اپنے علاقے کی خدمت کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں۔ ایسے نوجوان بہت کم ہیں جو آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آمدہ الیکشن میں ملک اظہر اعوان اور ملک ساول علی اعوان کے ہاتھ مضبوط کریں ان شاءاللہ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ دونوں نوجوان عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ خوشاب کے مسائل کا حل ان دونوں نوجوان کی کامیابی سے جڑا ہوا ہے۔