Accessibility

Accessibility

Website Zoom

Color/Contrast

Download Reader

The Sitting of the National Assembly has been adjourned to meet again on Monday, the 29th April, 2024 at 4.00 p.m.
Print Print

حضور ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

Saturday, 8th October, 2022

 قومی اسمبلی

ڈائریکٹوریٹ جرنل آف میڈیا
پریس ریلیز
 
 *حضور ﷺ کا اسوہ حسنہ تمام انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی* 
 
 *موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے انصار مدینہ جیسے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، راجہ پرویز اشرف* 
 
اسلام آباد، 8 اکتوبر 2022: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی زندگی تمام کائنات کے لیے مشعلِ راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی آمد تمام انسانیت کے لیے باعثِ رحمت ہے جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر انسانیت کے عالی درجات پر فائز کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کیا جو 9 اکتوبر کو نہایت مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔
اسپیکر نے عید میلاد النبی ﷺ کے باسعادت موقع پر مسلم اُمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت تمام انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی تمام مشکلات کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف، سچائی بقائے باہمی، انسانیت سے ہمدردی، صبر و برداشت اور امن و محبت کی بہترین مثال ہے۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے میثاق مدینہ جیسا اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے انصار مدینہ جیسے جذبہ ایثار و قربانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قدرتی آفات سے بچنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے اور نبی اکرم صلی علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنانے پر زور دیا۔ 
 
اسپیکر نے کہا کہ نبی ﷺ کا امتی ہونا ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے جس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی حیاتِ طیبہ مینار نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور قیامت تک آنے والے انسانوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
 
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نبی ﷺ  انتہائی اعلیٰ اخلاق و اوصاف کے مالک تھے اور آپ ﷺ نے پاکیزہ سیرت اور ذاتی عمل کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لاکر دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک مکمل ضابطہ اخلاق دیا۔ انہوں  نے کہا کہ نبی ﷺ کی سیرتِ طیبہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کی پیروی ہر فرد کو کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نبیﷺ کی تعلیمات میں سب مسائل کا حل موجود ہے ان کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرکے ہم رنگ ونسل کے امتیازات ختم کرکے اپنی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ پر ہماری جان و مال سب قربان ہیں۔