Accessibility

Accessibility

Website Zoom

Color/Contrast

Download Reader

Print Print

اسپیکر قومی اسمبلی کا فلسطین کی آزادی کے اعلان کی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

Wednesday, 15th November, 2023

اسپیکر قومی اسمبلی کا فلسطین کی آزادی کے اعلان کی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام 



اسلام آباد: 14 نومبر 2023 :-اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے فلسطین کے اعلان آزادی کے 35 سال مکمل ہونے پر فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطین کی آزادی کیلئے فلسطینی قیادت اور عوام  کی جدوجہد اور قربانیوں کو  خراج تحسین پیش کیا۔ اسپیکر نے نامور فلسطینی  رہنما مرحوم یاسرعرفات کی فلسطین کی آذادی کے لئے  جدوجہد اور قربانیوں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم یاسر عرفات آہنی اعصاب کی حامل شخصیات کے مالک تھے، انہوں نے فلسطین کی آذادی  کیلئے طویل جنگ لڑی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم یاسر عرفات کی فلسطین کی آزادی کیلئے جدو جہد اور قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

اسپیکر نے فلسطین کی موجودہ  صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے امت  مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور  علامہ اقبالؒ کے“ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے“ کےپیغام پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسرائیل  نے فلسطین میں سفاکیت اور ظلم و بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 38 دنوں سے  فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت  میں اسرائیل  سنگین جنگی جرائم، بین الاقوامی قوانین   اور انسانی حقوق کی سنگین  خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے، انہوں نے کہا اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں معصوم فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں 4 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ غزہ میں پانی، بجلی، ادویات، ایندھن اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے ۔،انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال اور اسکول بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہیں اور اب تک  ہسپتالوں پر 30 سے زائد حملے ہو چکے ہیں اور ہسپتالوں میں ادویات اور ایندھن نہ ہونے کی وجہ زخمی اور مریض دم توڑ رہے ہیں۔

 اسپیکر نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال نہ صرف مسلم امہ بلکہ دنیا بھر کی مہذب اقوام کیلئے باعث تشویش ہے اور  عالمی برادری کے ضمیر کا امتحان ہے۔انہوں عالمی برادری کو  فلسطین میں  جاری اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینے اورفوری جنگ بندی کےلئے کردار ادا کرنے کا کہا۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ ہمارا اخوت اور اسلامی بھائی چارے کا اٹوٹ رشتہ  ہے جس میں دنیا کی کوئی طاقت دراڑ نہیں ڈال سکتی۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل وقت میں اپنے فلسطینی بہن  بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے فلسطین کو 1967 سے پہلے والی سرحدوں کے مطابق آزاد ریاست کے قیام  اور یروشلم کو اسکا کا دارالحکومت قرار دینےکے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فلسطین میں امن خطے میں  پائیدار امن کے قیام  کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ  مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی ہی صرف اس مسئلہ کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وستم اور جبر کے ذریعے نہ ہی کسی قوم کو غلام بنایا جاسکتا ہے اور نہ ہی کسی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ کیا جاسکتا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ فلسطینی قوم ایک بہادر اور ثابت قدم قوم ہے اور اس نے ہمیشہ ہر مشکل کا مقابلہ جرآت اور  مستقل مزاجی کے ساتھ کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں اپنے فلسطینی  بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے معصوم اور بے گناہ فلسطینیوں کے لیے مدد کی دعا کی۔