*اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے پیغام۔*
Sunday, 24th September, 2023
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سعودی عرب کے 93ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شوریٰ کونسل کےچیئرمین ڈاکٹر عبد اللّه اور سعودی عرب کی عوام کو مبارکباد دی ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے اور دونوں ممالک نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ مذہب، ثقافت، تاریخ اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
اسپیکر نے دونوں برادر اسلامی ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں میں اضافے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور معاشی و سماجی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔