یوم تکریم شہدا کی مناسبت سے سپیکر قومی اسمبلی کا خصوصی پیغام۔
Thursday, 25th May, 2023
پوری قوم پاک افواج کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، راجہ پرویز اشرف
سانحہ 9 مئی کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور قوم پاک افواج کے ان عظیم جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا سینہ سپر ہو کر مقابلہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکریم شہداء کے موقع پر کیا جو ملک بھر میں 25 مئی کو ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پاک افواج کی ملک کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ ملک کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے جو قربانیاں پیش کی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے ملک میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک افواج کے ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو تاریخ میں ہمیشہ کے لیے ںسنہری حروف میں لکھا جاے گا۔
سپیکر نے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہوے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنا نہایت افسوسناک ہے اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اس سانحہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے ایسے ملک دشمن عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور قوم کو پاک افواج کی ملک کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس دن چندہ ملک دشمن عناصر نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور یادگار شہداء کی بےحرمتی کی۔ انہوں نے موجودہ حکومت پر زور دیا کہ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے اور اس سانحہ میں شریک ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی جرات نا ہو سکے۔