اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا رمضان المبارک کی آمد پر مسلم اُمہ اور پوری قوم کو مبارکباد
Wednesday, 22nd March, 2023
رمضان المبارک کا مہینہ آپس میں صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے، اسپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد، 22 مارچ 2023؛ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ آپس میں محبت، بھائی چارے، صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں اللہ پاک ہمیں اپنی بے پناہ نعمتوں سے نوازتا ہے جن کا ہم جتنا شکر ادا کریں تو کم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مسلم اُمہ خصوصاً پاکستانی قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ جاری پیغامات میں کیا۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کا مہینہ ہے۔انہوں نے ماہ صیام کی فضیلت و برکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مہینے میں دنیا بھر کے مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور ذات باری تعالی سے رحمت و نعمت کے طلب گار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں کے اس مہینے میں مسلمان کھلے دل سے اپنے مسکین اور حاجت مند بھائیوں کی مدد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مہربان اور رحمت کرنے والا ہے اور اپنی مخلوق کی خدمت کرنے والوں کو عزیز تر رکھتا ہے اور ان کے لیے رحمتوں و برکتوں کے بے شمار دروازے کھول دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام میں روزے رکھنے سے ہمارے اندر معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقے کے لیے ہمدردی اور قربانی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔اسپیکر نے کہا کہ رمضان ہمیں نیکی اور اعتدال پسندی کی راہ پر چلنے کا سبق دیتا ہے جو معاشرے میں بھلائی کے فروغ اور بدی کے خاتمے کا راستہ ہے۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اس موقع پر مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ غریب اور ضرورت مند افراد کے ساتھ کھل کر تعاون کریں اور اس مہنگائی کے دور میں ان کی کھل کر امداد کریں تاکہ وہ بھی ماہ صیام میں یکسوی کے ساتھ اپنی عبادات کر سکیں۔ انہوں نے قوم سے اس ماہ صیام کے دوران اللہ تعالیٰ سے ملک کو سیاسی اور معاشی بہران سے نکالنے کی دعا کی اپیل کی۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں تقوی اختیار کرنے اور صبر و برداشت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی اصل رو کو اپنا کر ہم ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کو درپیش معاشی بہران سے نمٹنے اور اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔