Accessibility

Accessibility

Website Zoom

Color/Contrast

Download Reader

| Today In National Assembly: 04:00 PM: National Assembly Session |
Print Print

سی ڈی اے سیکٹر ای-12 کے الاٹیوں کو جلد پلاٹ دے۔ مجلسِ قائمہ

Monday, 13th March, 2023

پاکستان ٹیلی ویژن  اپنے ملازمین کو بجٹ سیشن کا اعزازیہ جلد ادا کرے۔
اسلام آباد( 13 مارچ 2023) سی ڈی اے سیکٹر ای-12 کے الاٹیوں کو جلد پلاٹ دے۔اِن خیالات کا اظہار مجلسِ قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں کے اجلاس میں کیا گیا۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ 35 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے مگر سابقہ سرکاری ملازمین سے پلاٹوں کی رقوم لے لینے کے باوجود سی ڈی اے نے ابھی تک الاٹیوں کو سیکٹر ای-12 میں پلاٹس الاٹ نہیں کیے۔ سی ڈی اے کے عملہ نے بتایا کہ 2020ء میں سیکٹر ای-12 میں ترقیاتی کام شروع کر دیا  گیاتھا مگر قبضہ مافیا نے سیکٹر کی اکثر زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور وہ  ٹھیکیدار  کو کام نہیں کرنے دیتے۔ مجلسِ قائمہ نے پوچھا کہ اگر قبضہ مافیا پہلے ہی ایک جگہ پر قابض تھا تو اُس جگہ کی ترقی کا ٹھیکہ کیسے دے دیا گیا؟ مجلس ِ قائمہ نے قرار دیا کہ بادی النظر میں یوں محسوس ہوتا ہے کہ سی ڈی اے کے افسران  ابتدائی طور پر ملی بھگت سے سستے داموں ٹھیکہ دے دیتے ہیں اور اُس کے بعد ناجائز قابضین کا سہارا لے کر ترقیاتی منصوبے پر نظر ثانی کرکے ٹھیکہ کے نرخ بڑھا دیئے جاتے ہیں اور اِس طرح عوام کے مفادات کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ لہٰذا مجلسِ قائمہ نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے جلد از جلد سیکٹر ای-12 کے ترقیاتی کام کو مکمل کرے اور جلد از جلدالاٹیوں کو پلاٹس حوالے کیے جائیں۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ پولیس، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان اور کچھ دیگر اداروں  نے ابھی تک اپنے کچھ ملازمین کو بجٹ 23-2022ء کا اعزازیہ ادا نہیں کیا۔ وزارتِ  اطلاعات و نشریات کے نمائندہ نے بتایا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے اعزازیہ دے دیا ہے۔ تاہم پی ٹی وی نے ابھی تک اعزازیہ نہیں دیا۔ کیونکہ اُ ن کی لسٹیں وزارتِ خزانہ کو بھیجی جارہی ہیں جو فنڈز جاری کریں گے۔  مجلسِ قائمہ نے سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پی ٹی وی اپنے ذاتی وسائل سے متعلقہ ملازمین کو جلد اعزازیہ ادا کرے۔  نیز مجلسِ قائمہ نے  اعزازیہ کی ادائیگی پر عمل درآمد کرانے کے لیے اور سی ڈی اے کی  کارکردگی خصوصاً پارلیمنٹ لاجز کی صفائی ستھرائی اور تعمیر و مرمت کا جائزہ لینے کے لیے ایک چار رُکنی ذیلی کمیٹی بنائی جس کے سربراہ  عزت مآب سید جاوید حسنین شاہ، ایم این اے ہوں گے۔ جبکہ ذیلی کمیٹی میں عزت مآب سید جاوید علی شاہ جیلانی، ایم این اے عفت مآب شگفتہ جمانی، ایم این اے اور  عفت مآب سائرہ بانو، ایم این اے بطور  ممبر شامل ہونگے۔
مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت، چیئرمین  جناب محمد افضل کھوکھر  نے کی، جبکہ ممبران مجلس قائمہ برائے  حکومتی یقین دہانیاں  جناب چوہدری ارمغان سبحانی، جناب عثمان ابراہیم، جناب سید جاوید حسنین، جناب سید جاوید علی شاہ جیلانی،  محترمہ شگفتہ جمانی، محترمہ شہناز نصیر بلوچ اور محترمہ سائرہ بانو کے علاوہ نے شرکت کی ۔  اجلاس میں وزارتِ پارلیمانی اُمور،  سی ڈی اے، وزارتِ داخلہ، وزارت خزانہ ، وزارتِ اطلاعات  و نشریات اور دیگر اداروں کے اعلیٰ سول افسران نے بھی شرکت کی۔